Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قومی ہاکی ٹیم 8 سال بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی، صدر، وزیر اعظم کی مبارکباد

صدر مملکت اور  وزیر اعظم نے قومی ہاکی ٹیم کو 8 سال بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

صدر مملکت کا اظہارِ مسرت

صدر مملکت نے قومی ہاکی ٹیم کے طویل وقفے کے بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کامیابی پاکستان میں ہاکی کے احیاء اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہے۔ کھیل قومی اتحاد، نظم و ضبط اور صحت مند معاشرے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے جاپان کو شکست دے کر 8 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں جگہ بنا لی

صدر مملکت نے اس موقع پر ہاکی اور فٹبال جیسے عوامی کھیلوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ محنت کش طبقے اور عام لوگوں کے کھیل ہیں جنہیں ملک بھر میں مزید آگے بڑھانا چاہیے۔

وزیر اعظم کی مبارکباد

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مزید محنت جاری رکھنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اسی عزم اور محنت کے ساتھ کھیلتے ہوئے پاکستان ورلڈ کپ بھی جیت سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو اپنی تمام تر توجہ کھیل میں نمایاں کارکردگی پر مرکوز رکھنی چاہیے تاکہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن ہو۔