اسرائیلی شہر تل ابیب زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا جبکہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے نئے حملوں کی لہر یا حیدرِ کرار شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 میں حملےکی 27 ویں لہر کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کو یاحیدرکرار کانام دیا گیا ہے، پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں دشمن کے13جدید ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اسرائیل کے شمالی شہر حیفہ میں آئل ریفائنری کو خیبر شکن میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ خیبر شکن میزائلوں نے حیفہ کی ریفائنری کو ہدف بنایا اور حملے میں اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ایران کی فضائی حدود میں غلبہ حاصل کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ بیان کے مطابق دنیا کی دو بڑی فضائی افواج، یعنی امریکا اور اسرائیل کی فضائیہ، ایرانی فضاؤں میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: ایرانی صدر کی پڑوسی ممالک سے معذرت، حملوں میں پہل نہ کرنے کا اعلان
عرب میڈیا کے مطابق اسی دوران عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارتخانہ بغداد پر بھی راکٹوں سے حملہ کیا گیا جس کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
بغداد میں امریکی سفارتخانے پر راکٹ حملہ، شہر میں دھماکوں کی آوازیں
عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارتخانے پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا ہے جبکہ شہر اور شمالی عراقی شہر اربیل میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق بغداد میں امریکی سفارتخانے کو نشانہ بنایا گیا جبکہ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھی بغداد اور اربیل میں دھماکوں کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے ہیں جس کے بعد اسرائیلی دفاعی افواج نے اپنے فضائی دفاعی نظام کو فوری طور پر متحرک کر دیا ہے۔


















