Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ماہرین کی وارننگ: برین ہیلتھ سپلیمنٹس پر یقین نہ کریں

دماغی صحت کے لیے گولیوں پر انحصار کرنے کے بجائے باقاعدہ ورزش اور پودوں پر مبنی متوازن غذا اپنانا زیادہ مؤثر ہے

صحت کے ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ میموری بہتر بنانے اور دماغی کارکردگی بڑھانے کے دعوے کرنے والے اوور دی کاؤنٹر برین ہیلتھ سپلیمنٹس کے بارے میں محتاط رہنا چاہیے کیونکہ ان کے مؤثر ہونے کے مضبوط سائنسی شواہد موجود نہیں ہیں۔

ایک قومی سطح کے سروے کے مطابق 50 سال سے زائد عمر کے تقریباً ہر چار میں سے ایک فرد دماغی صحت بہتر بنانے کے لیے کم از کم ایک سپلیمنٹ استعمال کرتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق اب تک کسی بھی جزو کے مؤثر ہونے کا واضح ثبوت سامنے نہیں آیا۔

ہارورڈ سے وابستہ ماہر ڈاکٹر پیٹر کوہن کا کہنا ہے کہ سپلیمنٹس میں موجود کسی بھی اجزا کو سوچنے کی صلاحیت بہتر بنانے یا یادداشت کے نقصان کو روکنے کے لیے ثابت نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: گرینڈ ہیلتھ الائنس کا احتجاج، پنجاب میں آؤٹ ڈور سروسز بند کرنے کا اعلان

ان کے مطابق مسئلہ یہ ہے کہ ان مصنوعات پر سخت ریگولیشن موجود نہیں، اور امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) عام طور پر سپلیمنٹس کے مواد یا دعووں کی باقاعدہ جانچ نہیں کرتی، جب تک کہ وہ مخصوص بیماریوں کے علاج کا دعویٰ نہ کریں۔

ماہرین کے مطابق بعض سپلیمنٹس میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز، وٹامن ای اور بی وٹامنز شامل ہوتے ہیں، کیونکہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ میڈیٹیرینین، ڈیش اور مائنڈ جیسی غذائیں دماغی صحت کے لیے فائدہ مند ہو سکتی ہیں۔

تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ فائدہ مخصوص غذائی اجزا کی وجہ سے ہے یا مجموعی غذا کے اثرات کی وجہ سے۔ اب تک کی محدود کلینیکل ٹرائلز میں ان اجزا کے الگ استعمال سے واضح فائدہ ثابت نہیں ہو سکا۔

اومیگا 3 کے حوالے سے بھی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ دماغی خلیات کی ساخت میں کردار ادا کرتے ہیں اور سوزش کم کرنے میں مددگار ہو سکتے ہیں، لیکن مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس سے دماغی بہتری کے ٹھوس شواہد موجود نہیں۔

اسی طرح جِنکگو بلوبا پر کی گئی بڑی تحقیقوں میں بھی یہ ثابت نہیں ہوا کہ یہ یادداشت بہتر کرتا ہے یا ڈیمینشیا کے خطرے کو کم کرتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دماغی صحت کے لیے گولیوں پر انحصار کرنے کے بجائے باقاعدہ ورزش اور پودوں پر مبنی متوازن غذا اپنانا زیادہ مؤثر ہے۔

ان کے مطابق طویل المدتی طور پر طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیاں کسی بھی سپلیمنٹ سے زیادہ فائدہ دے سکتی ہیں، اور اگر کوئی فرد پھر بھی سپلیمنٹ استعمال کرنا چاہے تو پہلے اپنے معالج سے مشورہ ضرور کرے۔