پاکستانی اداکارہ ونیزا ستار نے سابق قومی کرکٹر شعیب ملک کے ساتھ اپنی مبینہ شادی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے انہیں مکمل طور پر بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ ونیزا ستار نے ایک نجی شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اس معاملے پر تفصیل سے گفتگو کی اور بتایا کہ جب میں نے پہلی بار انسٹاگرام پر یہ خبر دیکھی تو مجھے لگا کہ شاید یہ کسی کا مذاق ہے۔
انکا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کچھ سوشل میڈیا پیجز ایک اور خاتون کا نام شعیب ملک کے ساتھ جوڑ رہے تھے، تاہم جب مجھے معلوم ہوا کہ وہ خاتون شادی شدہ ہیں تو میں نے ان کا نام استعمال کرنا شروع کر دیا۔
ونیزا ستار نے کہا کہ بعض سوشل میڈیا پیجز نے نہ صرف میرا نام استعمال کیا بلکہ میری تصاویر بھی شیئر کیں، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر لوگ اکثر محض کلکس اور ویوز حاصل کرنے کے لیے دوسروں کی ذاتی زندگی سے کھیلتے ہیں۔
اداکارہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان افواہوں کے باعث میری ذاتی زندگی اور خاندان بھی متاثر ہوا، میری والدہ، ماموں اور بہن بھائیوں کو مسلسل فون کالز موصول ہو رہی تھیں اور ہر کوئی ان سے شادی کے بارے میں سوال کر رہا تھا، جس سے مجھے ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ میرا شعیب ملک سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے، میری ان سے کبھی ملاقات تک نہیں ہوئی اور نہ ہی کبھی ہمارے درمیان سلام دعا ہوئی ہے۔
اداکارہ نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ بغیر تصدیق کے ایسی خبریں پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے کسی کی ساکھ اور خاندانی سکون متاثر ہو سکتا ہے۔




















