Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میٹا کا اے آئی پیڈ ورژن جلد واٹس ایپ پر بھی دستیاب ہوگا

واٹس ایپ کے نئے اینڈرائیڈ بیٹا اپڈیٹ سے پریمیم سبسکرپشن پلان کا انکشاف ہوا ہے۔

واٹس ایپ کے نئے اینڈرائیڈ بیٹا اپڈیٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ میٹا اے آئی جلد ہی پریمیم سبسکرپشن پلان متعارف کروا سکتا ہے۔ یہ ان صارفین کے لیے ہوں گے جو اے آئی اسسٹنٹ سے مزید فیچرز حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

گزشتہ روز جاری ہونے والے واٹس ایپ بیٹا فار اینڈرائیڈ ورژن 2.26.10.4 میں کوڈ موجود ہے جو میٹا اے آئی کے پیڈ سبسکرپشن ماڈل کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

یہ ابھی لائیو نہیں ہے لیکن کوڈ بیس میں اس کی موجودگی واضح کرتی ہے کہ میٹا واٹس ایپ میں اے آئی لیئر سے کمائی کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ کے مطابق اس اپڈیٹ میں میٹا اے آئی کے لیے ’’اعلیٰ درجے کے سبسکرپشن پلانز‘‘ کا حوالہ دیا گیا ہے۔

یہ فیچر پہلے سے موجود فیچر سے منسلک ہوگا جو صارفین کو فوری جواب اور گہرے تجزیاتی جواب کے درمیان سوئچ کرنے کی سہولت دیتا ہے۔

مفت ورژن ختم نہیں ہوگا

واضح رہے کہ میٹا اے آئی واٹس ایپ پر مفت ہی رہے گا۔ سبسکرپشن پلان اضافی ہوں گے۔ یہ وہی ماڈل ہے جو اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی اور گوگل نے جیمنی نے پیش کیا ہے۔

پیڈ پلان ان صارفین کے لیے ہوں گے جو استعمال کی حدیں پوری کرلیتے ہیں اور پھر وہ نئے اے آئی ماڈلز تک رسائی چاہتے ہیں یا زیادہ فیچرز کی ضرورت رکھتے ہیں۔ قیمتوں کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔

میٹا کی اے آئی اسٹریٹجی

میٹا نے اپنے تمام پلیٹ فارمز پر اے آئی تیزی سے رول آؤٹ کیا ہے۔ واٹس ایپ، انسٹاگرام، میسنجر اور فیس بک پر میٹا اے آئی مفت دستیاب ہے۔

سبسکرپشن ماڈل اسی لیے معنی رکھتا ہے۔ اشتہارات کے بجائے صاف طریقہ اپناتے ہوئے میٹا ان صارفین سے پیسے لے گا جو مزید فیچرز کے طلبگار ہیں جب کہ باقیوں کے لیے مفت تجربہ برقرار رہے گا۔

یاد رہے کہ واٹس اپ کے 2 ارب صارفین میں سے صرف ایک فیصد بھی اگر پیڈ سبسکرائبر بن جائیں تو 20 ملین پیڈ صارفین ہوں گے جو کہ میٹا کے لیے بڑی آمدنی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

کس وقت متوقع

واٹس ایپ نے کوئی تاریخ نہیں دی۔ یہ فیچر بیٹا میں ’’انڈر ڈیولپمنٹ‘‘ ہے۔ عموماً اس مرحلے سے مکمل ریلیز میں ہفتوں سے مہینوں لگ سکتے ہیں۔