ایران-امریکا-اسرائیل جنگ کے باعث فضائی آپریشنز پر گہرا اثر پڑا ہے۔ جس کا سب سے زیادہ نقصان قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات کی ائیر لائنز کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
چونکہ جنگ کا مرکز مشرقی وسطیٰ ہے، اسی لیے جاری کشیدگی کا سب سے زیادہ نقصان بھی خلیجی ممالک کی ایئرلائنز کو ہی اٹھانا پڑا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یکم مارچ سے 10 مارچ تک صرف تقریباً 50 پروازیں ہی روانہ ہو سکی ہیں، جس کے باعث لاکھوں مسافر ان ممالک کے ائیرپورٹس پر پھنس گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مشرق وسطی کی 6 بڑی ائیر لائنز، اتحاد ایئر ویز، ائیر اعرابیہ، فلائی دوبئی، قطر ائیر ویز، ایمریٹس ائیر لائنز اور کویت ائیر لائنز کی روزانہ 2,381 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے بڑے فیصلے سے بھارت کے فضائی آپریشنز کو مزید مشکلات کا سامنا
مجموعی طور پر دس دن کے دوران 23,810 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ ان ائیر لائنز کے ذریعے روزانہ ہزاروں مسافر پاکستان سمیت یورپ، امریکا، کینیڈا، بھارت، آسٹریلیا، ملائیشیا، بنگلہ دیش، سعودی عرب اور دیگر ممالک سفر کرتے ہیں۔
روزانہ کی اہم پروازوں میں قطر ائیر ویز 583، ایمریٹس ائیر لائنز 531، فلائی دوبئی 343، اتحاد ایئر ویز 334، ائیر اعرابیہ 305 اور کویت ائیر لائنز 285 پروازیں شامل تھیں۔
قطر ائیر ویز، ایمریٹس اور کویت کی ائیر لائنز کے جہاز جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں، جن میں ائربس A380، A320، A321، A350 اور بوئنگ 777، 787 شامل ہیں۔ ایمریٹس ائیر لائن کی بزنس کلاس میں بیڈ روم اور نہانے کی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے رہنما خواجہ ایوب نسیم نے بتایا کہ ان ائیر لائنز کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے اور ان کے طیارے دنیا بھر کے ائیرپورٹس پر گراونڈڈ ہیں، جس کے باعث روزانہ ڈالرز میں چارجز ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال یوں ہی رہی تو ایوی ایشن انڈسٹری کو بہت بڑا نقصان ہوگا۔ پاکستان کے مختلف شہروں جیسے اسلام آباد، لاہور، کراچی اور ملتان سے ان ائیر لائنز کی تقریباً 100 روزانہ پروازیں آپریٹ ہوتی ہیں، مگر جنگ کی وجہ سے مکمل بند ہیں۔



















