Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کے خلیجی ممالک میں امریکی اہداف پر حملے، بھاری نقصان کا دعویٰ

امریکا کے 18 بحری جہاز، تیل بردار ٹینکرز اور تھاڈ کے چار ریڈار سسٹمز نشانہ بنانے کا دعویٰ

پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور خطے میں امریکی اہداف پر حملے جاری ہیں اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں اب تک دشمن کے 200 اہم اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے جبکہ جنگ کے باعث اسرائیل کو روزانہ تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔

امریکا کے 18 بحری جہاز، تیل بردار ٹینکرز اور تھاڈ کے چار ریڈار سسٹمز نشانہ

پاسداران انقلاب کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ امریکی دفاعی نظام تھاڈ کے چار ریڈار سسٹمز تباہ کیے جا چکے ہیں جس سے امریکی دفاعی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔

بیان کے مطابق ایرانی بحری افواج نے دشمن کے 18 بحری جہازوں اور تیل بردار ٹینکرز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ایرانی بحریہ نے خطے میں چار امریکی فضائی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے جن میں کمانڈ سینٹرز، ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔

مزید پڑھیں: ہمیں امریکا کیساتھ بات چیت میں کوئی دلچسپی نہیں، ایرانی وزیرخارجہ

ایرانی حکام کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر سے امریکی فوجی اڈوں کو بھاری نقصان ظاہر ہو رہا ہے اور 80 فیصد سے زائد اسٹریٹجک ریڈارز اور مقامات تباہ کیے جا چکے ہیں۔

پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 54ویں لہر شروع کر دی گئی ہے اور خطے میں دشمن کے مزید اہداف کو میزائلوں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اسکائی نیوز کی ٹیم میزائل حملوں کی زد میں

برطانوی خبر رساں ادارے اسکائی نیوز کا کہنا ہے کہ تل ابیب میں میزائل اور ڈرون دیکھ کر اسرائیلی گاڑیاں چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، تل ابیب میں اسکائی نیوز کی ٹیم بھی میزائل حملوں کی زدمیں آگئی، اور میزائل آتا دیکھ کر اسکائی نیوز کی ٹیم کو پناہ لینی پڑی۔

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے کے بعد ایندھن کے ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جسے بعد میں قابو میں کر لیا گیا۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈرون نے ایئرپورٹ کے قریب موجود ایک ٹینکر کو نشانہ بنایا جس کے باعث آگ لگ گئی۔ ایمرجنسی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے کا عمل شروع کیا اور بعد میں صورتحال کو قابو میں کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ شہریوں کی حفاظت کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ڈرون حملے کے بعد عارضی طور پر طیاروں کی لینڈنگ معطل کر دی گئی اور دبئی آنے والی پروازوں کو فضاء میں ہولڈنگ پیٹرن میں رکھا گیا۔

سعودی فورسز نے بڑا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا

دوسری جانب سعودی پریس ایجنسی اور سعودی سرکاری ٹی وی کے مطابق سعودی فورسز نے بڑے ڈرون حملے کو ناکام بناتے ہوئے 34 ڈرونز کو ٹریس کر کے مار گرایا۔

رپورٹس کے مطابق خطے میں کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں امریکی اہداف پر حملوں کے دعوے بھی سامنے آ رہے ہیں۔