
سپریم کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم انورمجید کی ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جعلی اکاؤنٹس کیس پر درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے مرکزی ملزم انور مجید کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران انور مجید کے وکیل منیر اے ملک نے عدالت میں کہا کہ طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کی ہے،میرا موکل مختلف بیماریوں کا شکار ہے ،میرے موکل کی سرجری پاکستان میں ہونے سے جان کو خطرہ ہوگا،شریک ملزم کو ضمانت مل چکی جبکہ انور مجید دو سال سے جیل میں ہیں۔
جس پر جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بیمار شخص کو ضمانت ملنی چاہئے مگر ملک میں رہ کر علاج کرائیں،نیب کا سیاسی ملزمان سے رویہ دوسرے ملزمان سے الگ ہے جبکہ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ نیب کا رویہ سیاسی ملزمان سے الگ نہیں ہونا چاہئے
عدالت نے اپنے ریماکس میں مرکزی ملزم کو حکم دیا کہ وہ اپنا پاسپورٹ رجسٹر آفس میں جمع کرائیں۔
واضح رہےکہ 15 اگست 2018 کو اس وقت کے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے انور مجید اور ان کے صاحبزادے اے جی مجید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا مسترد کردی تھی جس کے بعد ایف آئی اے نے انہیں کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔
جعلی اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور بھی گرفتار ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News