
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کوئٹہ میں ہونے والا دھماکا خود کش تھا اور دھماکے کے وقت بمبار اپنی گاڑی میں ہی بیٹھا رہا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کوئٹہ دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، چیف سیکرٹری سے فوری تحقیقات کا کہا ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی بیرونی کوششیں جاری ہیں، کل کے واقعے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے، پاکستان کیلئے جینا اور مرنا جانتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہوٹل پارکنگ میں خودکش دھماکے کے لیے 60 سے 80 کلو گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ خودکش حملہ آور گاڑی میں بیٹھا رہا جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ان پاکستان دشمن عناصر کی کارروائی ہے جنہیں پاکستان کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی، اس حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہزاروں قربانیوں کے بعد دہشتگردی کو شکست دی، عظیم فوج کےساتھ دہشتگردی کے ہر حملے کو شکست دیں گے، 22 کروڑ افراد ملکی دفاع کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گوادر اور بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہیں اور چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے، ہماری دوستی ہمالیہ سے بھی بلند ہے، یہ دھماکا پاکستان کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی سازش ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News