
علی زیدی نے کہا ہے کہ بلاول کا مارچ عوامی مارچ نہیں بلکہ ذاتی مفاد مارچ ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور وفاقی وزیر علی زیدی نے بلاول زرداری کی بدین میں تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول نے جوتے پڑنے کے ڈر سے پہلے ہی علاقوں میں دکانیں بند کروا دیں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول کا مارچ چائے کی پیالی میں طوفان برپا کرنے کے مترادف ہے، بلاول نے بدین والوں کو کراچی کے منصوبے گنوائے، بلاول یہ بتائیں کہ انہوں نے اب تک بدین کے لوگوں کو کیا دیا ہے؟
پی ٹی آئی سندھ کے صدر کا کہنا تھا کہ بلاول نے بدین کو نظر انداز کر کے اپنی ہار کا بدلا لیا ہے، بدین کے باشعور عوام عام انتخابات میں زرداری مافیا کو مسترد کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول اپنے والد کی کرپشن بچانے کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، زرداری مافیا کے مقدر میں اب ٹھوکریں کھانا ہی لکھا ہے۔
وفاقی وزیرعلی زیدی کا کہنا تھا کہ اپنے ذاتی مفاد کی خاطر عام عوام کا نقصان کیا گیا، بلاول کا مارچ عوامی مارچ نہیں بلکہ ذاتی مفاد مارچ ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلاول سندھ کے وسائل اور سرکاری مشینری کے ذریعے اپنے ذاتی مفاد کے لیے مارچ کررہے ہیں، بلاول کے مارچ میں سندھ کے سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور وفاقی وزیرعلی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ نے تبدیلی کی ہوا چلا دی ہے، سندھ کے عوام اب تحریک انصاف کے جھنڈے تلے جمع ہورہے ہیں۔2023 کے بعد بلاول کو سندھ میں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔
واضح رہے اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بدین میں لانگ مارچ کے پہلے دن کا آخری خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، ہم آپ عوام کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی سندھ کی ترقی کے لئے محنت کر رہے ہیں،عوام ملکی مستقبل کے لیے فیصلہ کریں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی عوام سے ڈرا ہوا ہے، پیپلز پارٹی نے جب عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا وزیراعظم نے گھبرانا شروع کردیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنے وزیراعظم کا دفاع کرنے کے لئے ایک وفاقی وزیر کو سندھ بھیجا گیا ہے، وہ وزیر لوٹا ہے، سیاسی یتیم ہے۔ ان کا وزیر اعظم ہم سے پوچھتا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ملک کے لیے کیا کیا ہے؟ میں انکو بتاتا ہوں کہ پیپلز پارٹی تین نسلوں سے ملک کی خدمت کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کسانوں کو زمینوں کا مالک بنایا جبکہ ہم نے قومی امراضِ قلب بنایا، این آئی سی وی ڈی میں مفت علاج ہوتا ہے، ٹںڈو محمد خان سمیت دیگر اضلاع میں کراچی کی طرح این آئی سی وی ڈی صحت کیلئے موجود ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ کسان محنت کر رہے ہیں لیکن فصلوں کی قیمت نہیں ملتی جبکہ نوجوان تین تین ڈگریاں لیکر پھر ہیں انکو ملازمت نہیں مل رہی اور یہ اس لیے ہوا ہے کہ وزیراعظم کٹھ پتلی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News