عید پر خواتین کیسے کم بجٹ میں بہترین شاپنگ کرسکتی ہیں؟ جانئے وہ غلطیاں جس سے اکثر ہمارا بجٹ متاثر ہوتا ہے۔
بجٹ بنائیں
سب سے پہلے تو آپ کو شاپنگ کیلئے اپنا بجٹ تیار کرنا ہے، ماہ رمضان میں دیگر ایام کے مقابلے میں خرچ زیادہ ہوتا ہے کیونکہ روزہ داروں کیلئے سحر و افطار کے اہتمام کی وجہ سے بجٹ متاثر ہوتا ہے۔
ایسے میں آپ کو بہت احتیاط سے عید کا بجٹ تیار کرنا ہے تاکہ گھر کے دیگر اخراجات پر بوجھ نہ پڑے اور آپ کو قرض لینے کی ضرورت پیش نہ آئے۔
برانڈز کا انتخاب
اکثر خواتین عید کی شاپنگ کیلئے بازاروں میں بڑے برانڈز کے ملبوسات کی طرف زیادہ مائل ہوتی ہیں برانڈز کے ملبوسات کی قیمت بہت زیادہ ہوتی ہے۔ خواتین تھوڑی سے کوشش کرکے مشہور برانڈز کے نئے ڈیزائنز سے ملتے جلتے ملبوسات آسانی سے تلاش کرسکتی ہیں جس سے آپ کا جدید تراش خراش کے ملبوسات کا شوق بھی پورا ہوسکتا ہے اور آپ کا بجٹ بھی متاثر نہیں ہوگا۔
وقت کا چناؤ
عید کی شاپنگ کیلئے اکثر خواتین آخری دنوں کا چناؤ کرتی ہیں لیکن یہ یاد رکھیں کہ جوں جوں عید کا وقت قریب آئیگا بازاروں میں رش بڑھ جائیگا جس سے دکاندار بھاؤ تاؤ نہیں کرتے جس کا نقصان آپ کو ہوگا۔
اگر آپ رمضان کے ابتدائی ایام یا وسط میں شاپنگ کرلیں تو آپ مناسب قیمت پر اشیا خرید سکتے ہیں اور بھیڑ کم ہونے کی وجہ سے دکاندار سے ریٹ پر بارگیننگ بھی کی جاسکتی ہے۔
درزی کا مسئلہ
عید کی آمد کے ساتھ ہی دیکھا گیا ہے کہ درزیوں کے نخرے بھی آسمان پر پہنچ جاتے ہیں، بعض اوقات تو درزی کام کم ہونے کے باوجود محض دام بڑھانے کیلئے کپڑے سلائی کرنے سے انکار کردیتے ہیں تاکہ خواتین کسی بھی قیمت پر کپڑے سلوانے پر تیار ہوجائیں گی اور اکثر ڈبل سلائی بھی دینا پڑجاتی ہے۔
اگر آپ جلدی کپڑے خرید لیتی ہیں تو آپ کو درزی کا مسئلہ بھی درپیش نہیں آئیگا جو آپ کے بجٹ پر گراں گزرتا ہے۔
چوڑیاں اور جیولری
بناؤ سنگھار ہر عورت کا شوق ہوتا ہے،عید ہو اور رنگ برنگی چوڑیاں نہ ہوں یہ ہو نہیں سکتا۔
عید پر کپڑوں کے رنگوں سے میچنگ چوڑیاں خریدنا ایک الگ مرحلہ ہوتا ہے۔ یہاں اگر ہم دیکھیں تو خواتین اکثر چوڑیاں لیتی ہیں جو شائد ایک دو بار پہننے کے بعد رکھ دی جاتی ہیں لیکن اگر آپ انہیں چوڑیوں کو ملاکر الگ سیٹ تیار کرلیں تو آپ اپنے پیسے اور وقت بچاسکتی ہیں۔
عید پر مہندی
مہندی کسی بھی عورت کی خوبصورتی میں ایک خاص جھلک ضرور پیدا کرتی ہے اور عید کے سادے سے کپڑوں کے ساتھ اگر مہندی لگالی جائے تو وہ عورت واقع میں مکمل تیار لگتی ہے۔
اگر مہندی نہ ہو تو سارا بناؤ سنگھار پھیکا لگتا ہے۔ ایسے میں ہم دیکھتے ہیں کہ اکثر خواتین چاند رات کا اعلان ہونے کے بعد ہی مہندی لگوانے کیلئے پارلرز کا رخ کرتی جس سے انہیں پارلرز میں بے تحاشا ہجوم ملتا ہے اور کبھی کبھار تو ان کے ہاتھ مہندی سے محروم رہ جاتے ہیں۔
ہمیشہ کوشش کیجئے کہ مہندی 29 ویں روزے کو لگوالیں اور وہ بھی دن میں تاکہ اگر 29 کی عید ہوجائے تو آپ کو کسی قسم کی افراتفری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور آپ آرام سے عید کی تیاری کرسکیں۔
عید کیلئے پیسے جمع کریں
رمضان المبارک میں عام طور پر زیادہ خرچہ ہوتا ہے مگر عید کیلئے کپڑے خریدنے بھی ضروری ہیں لہٰذا ہر کسی کو چاہئے کہ وہ تھوڑے تھوڑے پیسے سال کے ہر مہینے الگ الگ کرلیا کرے اور ان کو کسی محفوظ مقام پر جمع کردیا کرے اس سے فائدہ یہ ہوگا کہ عید کے موقع پر انہیں شاپنگ کیلئے پیسے آنے کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا اور وہ مناسب وقت پر ان پیسوں سے اچھی شاپنگ کرسکیں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
