
بنگلا دیش نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔
میزبان ٹیم نے پاکستان کے خلاف مسلسل دوسری فتح حاصل کرتے ہوئے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کی۔
میر پور کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 20 ویں اوور میں صرف 125 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
گرین شرٹس کی جانب سے فہیم اشرف نے سب سے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 51 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، تاہم وہ ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ دیگر بلے بازوں میں عباس آفریدی نے 19، احمد دانیال نے 17، خوشدل شاہ نے 13 رنز بنائے، جبکہ کپتان آغا سلمان صرف 9 رنز تک محدود رہے۔
فخر زمان 8، صائم ایوب 1 رن جبکہ محمد حارث، محمد نواز اور حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔
بنگلا دیشی باؤلنگ لائن اپ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ شریف الاسلام نے تین اہم وکٹیں حاصل کیں، تنظیم حسن ثاقب اور مہدی حسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مستفیض الرحمان اور رشاد حسین کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل، بنگلا دیش نے پاکستانی باؤلرز کے سامنے محتاط مگر مؤثر انداز میں بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 133 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ وکٹ کیپر بیٹر جاکر علی نے 55 رنز کے ساتھ نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ مہدی حسن نے 33 رنز کا اضافہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے نوجوان بولرز نے متوازن کارکردگی دکھائی۔ ڈیبیو کرنے والے احمد دانیال، عباس آفریدی اور سلمان مرزا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فہیم اشرف اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ پاکستان کے لیے اعزاز بچانے کا موقع ہوگا، جبکہ بنگلا دیش اسے کلین سوئپ میں تبدیل کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News