Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روس کا یوکرین پر بڑے پیمانے پر فضائی حملہ؛ 19 افراد ہلاک، 66 زخمی

روس نے یوکرین کے متعدد شہروں پر ایک بڑے میزائل اور ڈرون آپریشن کے ذریعے حملہ کیا۔

کیف: یوکرین پر روس کے بھاری فضائی حملوں میں کم از کم 19 افراد ہلاک اور 66 زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے یوکرین کے متعدد شہروں پر ایک بڑے میزائل اور ڈرون آپریشن کے ذریعے حملہ کیا جس سے ملک بھر میں وسیع پیمانے پر تباہی، بجلی کی بندش اور خوف کی فضا پھیل گئی۔

رپورٹس کے مطابق روس نے 470 سے زائد ڈرون، 48 بیلسٹک اور کروز میزائل یوکرین کے مختلف شہروں پر داغے جن میں دارالحکومت کیف، خارکیف، دنبرو اور دیگر اہم علاقے شامل ہیں۔

ان حملوں کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جب کہ بجلی اور پانی کے نظام شدید متاثر ہوئے۔ یوکرین کے متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا جب کہ کئی پاور پلانٹس متاثر ہوئے۔

شہری رات بھر میٹرو اسٹیشنز اور زیرِ زمین شیلٹرز میں پناہ لیتے رہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ روسی حملوں کا مقصد یوکرین کے توانائی کے انفراسٹرکچر کو مفلوج کرنا ہے۔

روس کے حملوں کے بعد پولینڈ نے اپنی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔  پولینڈ نے دو بڑے ایئرپورٹس عارضی طور پر بند کردیے گئے ہیں۔

نیٹو اتحادی ممالک بھی ہائی الرٹ ہوگئے ہیں، پولش فضائیہ کے لڑاکا طیارے فضائی نگرانی پر مامور کردیے گئے ہیں۔

پولینڈ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یوکرین کی فضائی حدود میں روسی میزائلوں کی بھرمار خطے کی فضائی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی حملوں کو ’’بے رحمی کی نئی لہر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس پر عالمی دباؤ ابھی بھی ناکافی ہے، یوکرین کو مزید فضائی دفاعی میزائل فوری درکار ہیں۔

انہوں نے نیٹو اور یورپی ممالک سے اپیل کی کہ وہ یوکرین کے دفاع کو مضبوط کرنے کے لیے مزید عملی اقدامات کریں۔