Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شادی شدہ افراد صحت مند انداز میں بڑھاپے تک پہنچتے ہیں، تحقیق

ماضی میں کی جانے والی بہت سی تحقیق میں شادی کے فوائد سامنے آچکے ہیں تاہم شادی شدہ مرد حضرات صحت کے ساتھ بڑھاپے کی منازل طے کرتے ہیں بہ نسبت ایسے افراد کے جو تنہا رہتے ہیں یہ بات حال ہی کی جانے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

 ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ شادی بڑی عمر کے مرد حضرات کی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، تاہم خواتین کے لیے یہ اتنی مؤثر نہیں۔

ایک تین سالہ تحقیق میں 60 سال اور اس سے زیادہ عمر کے 7,600 سے زائد افراد کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ شادی شدہ مرد حضرات کے صحت طریقے سے بڑھاپےتک پہنچنے کے امکانات دوگنا زیادہ تھے، بہ نسبت ان مرد حضرات کے جو اکیلے رہتے تھے۔

یہ ممکن ہے کہ شادی شدہ لوگ ایک دوسرے کو مثبت صحت کے رویئے اپنانے یا برقرار رکھنے کی ترغیب دیتے ہیں، جیسے کہ سگریٹ نوشی چھوڑنا یا باقاعدگی سے ورزش کرنا۔

اس تحقیق کے شریک مصنف ڈیوڈ برنس جوکہ یونیورسٹی آف ٹورنٹو میں سوشل ورک کے پروفیسر ہیں کا کہنا ہے کہ اس نئی تحقیق میں تمام شرکاء کا آغازاچھی صحت کے ساتھ ہوا اور یہ معلومات اکٹھی کی گئیں کہ وہ کتنے صحت مند انداز میں بڑھاپے کو پہنچ رہے ہیں۔

صحت مند انداز میں بڑھاپے تک پہچنے کا مطلب یہ ہے کہ ایسے حالات کے بغیر عمربڑھنا جو روزمرہ کی سرگرمیوں میں رکاوٹ کا سبب بن سکتے ہیں، جیسے کہ جسمانی، ذہنی، یا جذباتی مسائل۔

سابقہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ شادی مرد حضرات اورخواتین دونوں کے لیے بہتر صحت سے جڑی ہوئی ہے، جبکہ شادی نہ کرنے والے مردحضرات کی صحت عام طور پر سب سے خراب رہتی ہے۔

اس تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ سماجی طور پر تنہائی بھی خراب بڑھاپے کے لیے ایک واضح خطرے کا عنصر ہے، یہی وجہ ہے کہ دوسروں کے ساتھ سماجی طور پر جڑے رہنا خاص طور پر زندگی کے آخری حصے میں بہت اہم ہے۔

رشتہ داروں، دوستوں اور ہمسایوں کے ساتھ باقاعدہ رابطہ بزرگوں کو جڑا ہوا محسوس کرنے، ان کی تنہائی کی حس کو کم کرنے، اور ان کی مجموعی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں مدد کر سکتا ہے۔

تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ جسمانی عوامل جیسے کہ موٹاپے سے بچنا، باقاعدگی سے ورزش کرنا، بھرپور نیند لینا اور سگریٹ نوشی نہ کرنا بھی صحت مند طریقے سے بڑھاپے سے جڑا ہوا ہے۔

صحت مند طرز زندگی کو برقرار رکھنا بہت اہم ہے، چاہے آپ کی عمر کچھ بھی ہو۔