
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت مالی معاونت کی معاشرے کے اس کمزور طبقے اور مستحقین کو فراہمی حکومت کا احسان نہیں بلکہ فرض ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کلر سیداں میں احساس کفالت پروگرام کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے موقع پر مستحقین و میڈیا سے گفتگو کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت مستحق خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ بھی فراہم کرے گی جس کے تحت وہ کسی بھی اسپتال سے ساڑھے سات لاکھ روپے تک علاج معالجہ کرا سکیں گے۔
عمران خان نے کہا ہے کہ مستحقین کو اپنی چھت فراہم کی جائے گی اور ایسا نظام لائیں گے کہ وہ کرایہ دینے کی بجائے اقساط میں اپنا گھر حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ مستحق افراد کو اپنے پاؤں پہ کھڑا کرنے کے لئے چھوٹے کاروبار کیلئے سہولت فراہم کریں گے، اس سلسلے میں سلائی مشینیں اور چھوٹی دکانوں کی طرز کی سہولت مہیا کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مستحقین کو نقد 12 ہزار روپے کی مالی معاونت کی فراہمی جاری ہے اور کوشش ہے کہ یہ رقم مستحق افراد کو ہی ملے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں احساس پروگرام کے تحت منصفانہ طریقے سے مالی امداد کی تقسیم یقینی بنائی گئی اور سیاسی بنیاد پر تقسیم نہیں ہوئی، یہی وجہ ہے کہ کسی نے اس تقسیم پر انگلی نہیں اٹھائی ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے سیاست پر بات کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا ہے کہ کئی دفعہ پہلے بھی مجھے پیسوں کے عوض سینٹ کی سیٹ بیچنے کی آفر ہوئی، براہ راست اور ان ڈائریکٹ سینٹ سیٹ بیچنے کی کیلئے رابطے کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ووٹوں کی خریدو فروخت میں سب سے زیادہ مال مولانا فضل الرحمن نے بنایا جبکہ مسلم لیگ ن اور پی پی چارٹر آف ڈیمو کریسی میں اوپن بیلٹ کا معاہدہ کرچکی ہیں اور میں مسلم لیگ ن کے اوپن بیلٹ کے مطالبہ کی تائید کر چکا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ووٹ بکنے پر گزشتہ روز ویڈیو پہلی بار دیکھی گئی ہے اور اگر ویڈیو میرے پاس پہلے ہوتی تو کیسز میں عدالت میں پیش کرتا۔
انہوں نے بتایا کہ اہم بات یہ ہے کہ ویڈیو سے میرے موقف کی تائید ہوئی اور یہ واضح ہوا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن کے کرپٹ نظام کی سپورٹ کررہی ہیں۔
قبل ازیں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو احساس کفالت پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News