Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

منشیات کے خلاف سخت کارروائی کریں گے، حارث نواز

حارث نواز نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے نشتر پارک میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ہمارا دشمن چوبیس گھنٹے اس کوشش میں ہوتا ہے کہ ہماری کمزوری سے فائدہ اٹھائیں، کرسچن کمیونٹی کے ساتھ جڑانوالہ واقعہ ہوا جبکہ ایسے کئی واقعات کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی غلط بات یاکام کرے گا اس کو سزا دی جائے گی، کچے کے آپریشن اور اسٹریٹ کرائیم پر کوئی کمپرومائیز نہیں، جہاں جہاں ہاٹ اسپاٹ ہیں وہاں کارروائی ہوگی۔

حارث نواز نے یہ بھی کہا کہ کاروباری طبقے کو تحفظ دیں گے، منشیات کے خلاف سخت کارروائی کریں گے جبکہ گھوٹکی کشمور جیکب آباد میں بھی آپریشن کریں گے اور جہاں کارروائی کریں گے تیاری کے بعد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گھوٹکی کشمور سمیت دیگر علاقوں میں انٹیلی جنس آپریشن کیا ہے، مشکوک افراد کو فوری گرفتار کیا جائے گا پھر بعد میں چھوڑ دیا جائے گا۔

نگراں وزیر داخلہ سندھ حارث نواز کا مزید کہنا تھا کہ کچے کا آپریشن جاری ہے، کراچی میں اسٹریٹ کرائم کیخلاف آپریشن ہورہا ہے، پولیس بہت پروفیشنل ہے کوئی شک نہیں ہے ہم پر کسی کا دباؤ نہیں۔