وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کی تحقیقات برطانوی ایجنسی نے کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے علمائے کرام کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے دو تین کرداروں نے فیصلہ کیا انگوٹھیاں لینی ہیں، گھر بنانا ہے، زمان پارک کا گھر گرا کر 25 کروڑ میں نیا گھر بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 80 سے 90 ارب روپے کا گھپلا ہوا ہے، القادر کی زمین خریدی گئی 28 کروڑ اکاؤنٹ میں گئے، القادر یونیورسٹی میں بچے کارٹون دیکھ رہے، کوئی کھیل رہا ہے، ہر بات میں مذہب کو لے آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ سیاست سے مذہب کو دور رکھیں، جب کچھ نہیں ملتا تو کہتے ہیں مذہب سے محبت کی سزا مل رہی ہے، سیاست ہوتی رہے گی مگر دین کا نام نہ لیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کی تحقیقات برطانوی ایجنسی نے کی، پیسہ حکومت کی بجائے اسی شخص کو واپس کیا گیا جس سے ضبط کیا گیا تھا، پی ٹی آئی اپنی چوری چھپانے کیلئے مذہب کا استعمال کررہی ہے، ذاتی سیاست کیلئے مذہب کا استعمال افسوسناک ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس پیسے کے عوض ہیرے کی انگوٹھیاں اور زمان پارک میں 25 کروڑ کا گھر لیا گیا، بتایا جائے کہ بانی پی ٹی آئی کے آمدن کے ذرائع کیا ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس ملکی تاریخ کا بڑا ڈاکہ ہے، بانی پی ٹی آئی کو شواہد کی بنیاد پر سزا ہوئی ہے، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، عدالتی فیصلہ ملکی تاریخ کا اہم ترین فیصلہ ہے، پی ٹی آئی دور میں ایسٹ ریکوری یونٹ بنایا گیا تھا۔



















