شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے رمضان میں چینی کی قیمت 140 روپے فی کلو رکھنے کی ہدایت پر عمل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس میں اس معاملے پر گفتگو ہوئی، جس میں شوگر ملز ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ موجودہ پیداواری لاگت کے مطابق چینی 170 روپے فی کلو میں تیار ہو رہی ہے، اور کم قیمت پر فروخت کرنے سے انہیں مالی نقصان ہوگا۔
حکومت نے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز کو چینی کی قیمت کو 140 روپے فی کلو تک رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کو اس قیمت پر چینی کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اس بات پر بھی اعتراض کیا کہ حکومت نے چینی کی برآمد کی مشروط اجازت دی تھی، جس کی شرائط میں قیمتوں میں اضافے نہ ہونے کی شرط شامل تھی۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کم قیمت پر چینی فروخت کرنے سے ملز کو نقصان ہوگا، جس کا اثر صنعت کی مجموعی کارکردگی پر پڑے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رمضان میں حکومت کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز پر چینی 130 روپے فراہم کی جائے گی، جبکہ عام مارکیٹ میں چینی 140 روپے فی کلو قیمت مقرر کی گئی ہے۔



















