اسلام آباد: صدر مملکت نے یوم پاکستان کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 105 شخصیات کو سول ایوارڈز سے نواز دیا۔
یوم پاکستان کے موقع پر ایوارڈ دینے کی پروقار تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جہاں ملکی اور غیر ملکی شخصیات کی خدمات کا اعتراف میں انہیں سول ایوارڈز سے نوازا گیا۔
ذوالفقار علی بھٹو کو نشانِ پاکستان سے نواز دیا گیا
سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو ملک کے سب سے بڑے سول ایوارڈ نشانِ پاکستان سے نوازا گیا جو ان کی صاحبزادی صنم بھٹو نے وصول کیا۔
ہلالِ امتیاز اور ہلالِ قائداعظم
مرحوم شاعر ناصر کاظمی کو نشانِ امتیاز دیا گیا جب کہ سلطان علی الانا کو نشانِ خدمت اور سعودی عرب کے پرنس عبدالعزیز بن سلمان السعود کو ہلالِ پاکستان عطا کیا گیا۔
صدر مملکت نے وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، حسین داؤد اور جاوید جبار سمیت گیارہ شخصیات کو ہلالِ امتیاز سے نوازا جب کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی عمر فاروق کو بھی یہ ایوارڈ دیا گیا۔
پاکستان کے لیے خدمات کے اعتراف میں چین اور دبئی کی دو شخصیات کو ہلالِ قائداعظم دیا گیا۔
پولیس شہداء کے لیے اعزاز
صدر مملکت نے چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے 10 پولیس شہداء کو ہلالِ شجاعت عطا کیا۔
ستارہ امتیاز اور دیگر اعزازات
تقریب میں 28 شخصیات کو ستارہ امتیاز دیا گیا جن میں مشہور کوہ پیما مراد سدپارہ بھی شامل ہیں۔ 9 شخصیات کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی جب کہ 3 شخصیات کو ستارہ شجاعت عطا کیا گیا۔
غیر ملکی شخصیات کے لیے اعزازات
تاجکستان کے حیدر قربان نیوف اور جرمنی کے کرسٹائن برون ہائلڈ کو ستارہ قائداعظم دیا گیا۔
سعودی عرب کے ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ اور انجینئر عبداللہ الصوا کو ستارہ پاکستان دیا گیا جب کہ چار غیر ملکی شخصیات کو تمغہ پاکستان عطا کیا گیا۔
تمغہ امتیاز اور دیگر ایوارڈز
صدر مملکت نے 22 شخصیات کو تمغہ امتیاز دیا جن میں عوامی خدمات کے اعتراف میں امین محمد لاکھانی شامل ہیں۔ بیرسٹر ظفر اللہ خان کو مذہبی اسکالر کے طور پر جب کہ نادر خان مگسی کو کھیلوں میں خدمات پر تمغہ امتیاز دیا گیا۔
چین کی دو شخصیات کو تمغہ قائداعظم اور ایک امریکی شخصیت کو تمغہ خدمت عطا کیا گیا۔



















