Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جوابی کارروائی پر بھارتی چیخیں واشنگٹن تک گئیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ضلع نارووال کے سرحدی گاؤں سرجال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دے دیا کہ ہماری فضائیہ ہر لمحہ چوکس ہے اور پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جب حملہ کیا گیا تو پاکستان کے شاہین فضاؤں میں موجود تھے، اور انہوں نے نہ صرف دشمن کی پیش قدمی کو روکا بلکہ 3 جدید رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی جنگی جہاز مار گرائے، جس سے بھارت کا غرور خاک میں مل گیا۔

مزید پڑھیں: دشمن کے خلاف جوابی، آپریشن “بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ” کا آغاز، بھارت کے دو سے زائد ایئربیسز، متعدد ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج تباہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، یہاں تک کہ جب بھارت نے 3 میزائل داغے، ہم نے صبر کا دامن نہیں چھوڑا۔

تاہم، جب دشمن نے حد پار کی تو پاکستان نے جواب میں ایسی کارروائی کی کہ دنیا نے بھارت کے اڈوں سے اٹھنے والی چیخیں سنیں، اور ان چیخوں کی بازگشت واشنگٹن تک پہنچی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی چوکیاں خالی کروانے پر بھارت کو مجبور کر دیا گیا، اور ڈرون گرا کر یہ واضح کر دیا کہ پاکستان کی فضائی حدود محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ سے پاکستان کا کوئی تعلق نہ تھا، لیکن بھارت نے ایک من گھڑت ڈرامے کے ذریعے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی، جس میں وہ ناکام رہا۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ کے جے ایف تھنڈر 17 نے آدم پور میں بھارت کا غرور: S-400 ایئر ڈیفنس سسٹم خاک میں ملا دیا 

احسن اقبال نے بھارت کی حکومت اور میڈیا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے اپنی عوام کو جھوٹ کا سودا بیچا، اور بھارتی میڈیا جھوٹ بول کر اسلام آباد، لاہور اور کراچی پر قبضے کے خواب دکھاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ جذبے اور حکمت عملی سے جیتی جاتی ہیں۔ اپنی گفتگو کے اختتام پر احسن اقبال نے اندرونی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی ایک سیاسی جماعت میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کر رہی ہے، جو ملک کے مفادات کے خلاف ہے۔