نیویارک: پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی جدوجہد جائز اور ناقابلِ تنسیخ حق ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد جائز، برحق اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بے نقاب؛ اقوام متحدہ کی رپورٹ پر پاکستان کا اظہار تشویش
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فلسطینی عوام کے لیے حمایت غیرمتزلزل ہے۔
عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطینی عوام دہائیوں سے اسرائیلی غیرقانونی قبضے کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ گزشتہ دو برس میں 70 ہزار سے زائد فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں اور پاکستان امریکا، قطر، مصر اور ترکیہ کی کوششوں کو سراہتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر قبضے کا خاتمہ ضروری ہے اور فلسطینی عوام کو اپنی آزاد و خودمختار ریاست کے قیام کا حق دیا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کے بے بنیاد بیان کو مسترد کر دیا
انہوں نے زور دیا کہ تمام غیرقانونی سیٹلمنٹ سرگرمیوں کا فوری خاتمہ اور آبادکاروں کا انخلا ہونا چاہیے، جبکہ مقبوضہ علاقوں کی آبادیاتی یا قانونی حیثیت تبدیل کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر اُس مخلص سفارتی کوشش کی حمایت کرتا ہے جو خونریزی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو۔
انہوں نے کہا کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر ریاستِ فلسطین کا قیام ناگزیر ہے اور پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

