Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خصوصی افراد کی قومی زندگی میں مکمل شمولیت ہماری ترجیح ہے، صدر و وزیراعظم

صدر اور وزیراعظم کا خصوصی افراد کے عالمی دن پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کیا گیا ہے۔

صدر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ خصوصی افراد کی قومی زندگی میں شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں، حکومت خصوصی افراد کی تعلیم، صحت، روزگار کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ پر خصوصی لوگو، معذوری سرٹیفکیٹ کا اجرا اہم اقدامات ہیں، منصفانہ معاشرہ اس وقت ممکن ہے جب سب کے لیے قابل رسائی ماحول موجود ہو، تعلیم، کاروبار، قومی ترقی میں خصوصی افراد کی شرکت پاکستان کے لیے اہم ہے۔

صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ خصوصی افراد ہماری اجتماعی قوت اور استقامت کا حصہ ہیں،  ایسا پاکستان قائم کریں جو ہر فرد کے لیے قابلِ رسائی اور شمولیت کا حامل ہو۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے خصوصی افراد کے لیے معذور لفظ کی اصطلاح استعمال کرنے سے روک دیا

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے بھی خصوصی افراد کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خصوصی افراد کا عالمی دن منایا جارہا ہے، یہ دن اس عزم کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانا قومی ترقی کے لیے ضروری ہے، خصوصی افراد کی بھرپور شمولیت ہی معاشرتی نظام کی مؤثر کارکردگی کا امتحان ہے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کے مساوی حقوق، مساوی شمولیت کی ضمانت دیتا ہے، خصوصی افراد ہمارے معاشرے کے سماجی، معاشرتی، ثقافتی اساس کا کلیدی حصہ ہیں، کسی بھی طرح کی جسمانی کمی انسانی ذہنی صلاحیتوں، حقوق کی نفی نہیں کرتی۔

متعلقہ خبریں