ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر بم حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پنیالہ میں پولیس اسٹیشن کی حدود میں پولیس موبائل پر بم دھماکہ ہوا، جس میں 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں، شہید اہلکاروں میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں جب کہ دھماکے میں کانسٹیبل آزاد شاہ محفوظ رہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں اور پولیس کی جانب سے شہدا کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے اور جائے وقوع سے شواہد بھی اکٹھے کئے جا رہے ہیں، بم دھماکے کے بعد ڈی ایس پی پنیالہ اور ایس ایچ او موقع پر روانہ ہو گئے ہیں جبکہ علاقے کی ناکا بندی کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کا متاثرہ پولیس ٹریننگ اسکول کا دورہ
وزیر اعظم اور وزیر داخلہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی مذمت
وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی مذمت
کرتے ہوئے حملے میں 3 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعاکی اور حملے میں زخمی ہونے والے اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
وزیرِ اعظم نے کہاکہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، خیبر پختونخوا پولیس کی دھشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس گاڑی پر فتنہ الخوارج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور سخی جان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانی کو سلام پیش کیا
محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کے پی کے پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔



















