اسلام آباد: سعودی عرب سے پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
پہلی پرواز پی کے 732 جدہ سے روانہ ہو کر اسلام آباد ایئرپورٹ پر بحفاظت پہنچ گئی، جہاں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے حجاج کرام کا خیرمقدم کیا۔
استقبالیہ موقع پر وزارت مذہبی امور، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا۔
حجاج کرام نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے کیے گئے حج انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
اس دوران ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حجاج کو دورانِ حج بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، جس پر سعودی حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر عمدہ انتظامات کیے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ سال حج انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ عازمین کو اس مقدس فریضے کی ادائیگی میں ہر ممکن سہولت میسر ہو۔
اسلام آباد کے بعد لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی آئندہ دنوں میں حجاج کی واپسی کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔
















