وفاق صوبوں سے اختیارات واپس لینا چاہتاہے، ہم مزاحمت کرینگے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زردای نے کہاہے کہ 18ویں ترمیم اور صوبائی حقوق کا دفاع آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
ان کا کہناتھاکہ انہی اختیارات کے تحت صوبوں میں صحت اور عوامی فلاح کے بڑے منصوبے ممکن ہوسکے ہیں۔
یہ بات انہوں نے ایس آئی یو ٹی کے نئے یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بلاول کا کہناتھاکہ جب آپ کسی سے اختیار واپس لیتے ہیں تو اس کے اثرات ضرور مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم ہی صحت کا شعبہ چلانے کے لیے بہترین راستہ ہے اور ہم اپنے حقوق کا دفاع کریں گے۔
بلاول بھٹو کا کہناتھاکہ فائیو اسٹار ہوٹل کو فائیو اسٹار اسپتال میں تبدیل کرنا قابل تحسین قدم ہے۔
ان کاکہناتھاکہ سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا دل کے اسپتال کا نیٹ ورک موجود ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج کل صوبوں کے حقوق اور وسائل پر کافی بحث چل رہی ہے مگربحث کا سب سے بہترین جواب سندھ کا ہیلتھ سسٹم ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد این آئی سی وی ڈی کی حالت دیکھیں، فرق صاف نظر آئے گا ۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ سندھ سب سے بہتر ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں یہ منصوبہ صرف حکومت کی ذمہ داری کے تحت مکمل ہوگا۔
ان کے مطابق پیپلز پارٹی اور ڈاکٹر ادیب رضوی کے تعاون سے منصوبہ کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ سندھ حکومت کے ہیلتھ سیکٹر کا یہ پروگرام عوامی حقوق اور وسائل کے لیے سب سے بہترین جواب ہے۔

