Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ حکومت کی گورننس ناکام، یہ ہزاروں ارب سسٹم کے نام پر کھاچکے ہیں، ایم کیو ایم

رہنما ایم کیو ایم کے مطابق گٹر میں گر کے بچے کی ہلاکت کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ارشد ووہرا نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی گورننس ناکام ہوچکی ہے، یہ ہزاروں ارب سسٹم کے نام پر کھاچکے ہیں۔

رہنما ایم کیو ایم ارشد ووہرا نے بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گٹر میں گر کے بچے کی ہلاکت کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، سندھ حکومت کو اندازہ ہوچکا ہے کہ وہ ناکام ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جنگل کا قانون چل رہا ہے، سندھ حکومت کراچی کی ترقی نہیں چاہتی، کراچی کے نام پر اربوں روپوں کی کرپشن کی جارہی ہے۔

ارشد ووہرا کا کہنا تھا کہ پہلے جب 17 بچے مرے تو کتنے لوگوں کو معطل کیا گیا، جو معطل ہوئے ہیں اگلے ماہ بہتر پوزیشن پر آجائیں گے، افسران کی معطلی ڈرامے بازی ہے۔

رہنما ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ کراچی نہیں سنبھل رہا تو اس کے سات ٹکڑے کردیے، سندھ نہیں سنبھل رہا تو اس کے چار ٹکڑے کرو، بیڈ گورننس کی وجہ سے کراچی میں 18 بچوں کی جان لی جا چکی ہے، کراچی کے نام پر سیاست کی اور کچھ بھی ڈیلیور نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: نیپا چورنگی حادثہ: کھلے مین ہول میں بچے کے گرنے کی فوٹیج سامنے آگئی