Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں کھلے مین ہول خطرہ؛ ایک اور معصوم بچی کے گرنے کی ویڈیو وائرل

کھلے مین ہول میں ایک اور بچی کے گرنے کی ویڈیو سامنے آ گئی۔

کراچی میں کھلے مین ہولز ایک بار پھر شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔

نیپا چورنگی پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد بھی بلدیاتی اداروں کی غفلت برقرار ہے، جس کا ثبوت بلدیہ ٹاؤن میں سامنے آنے والا ایک اور واقعہ ہے۔

گزشتہ روز بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 12-ڈی، یونین کونسل 11 میں ایک معصوم بچی کھلے مین ہول میں جا گری۔ اہلِ محلہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچی کو گٹر سے نکال لیا جبکہ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ مین ہول پر ڈھکن موجود نہیں تھا، جس کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نیپا سانحے کے بعد بھی بلدیاتی ادارے غفلت کی نیند سو رہے ہیں۔

 شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مین ہولز کو ڈھکن لگا کر بند کیا جائے تاکہ مزید حادثات سے بچا جاسکے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب کھلے گٹر میں گرنے والے 3 سالہ ابراہیم کی لاش 14 گھنٹے بعد جائے حادثہ سے ایک کلو میٹر دور نالے سے ملی تھی، عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے یونیورسٹی روڈ بلاک کردیا تھا جبکہ مشتعل
افراد نے میڈیا اور پولیس پر حملہ کرتے ہوئے گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے تھے۔

پاکستان میں کھلے گٹروں اور مین ہولز میں گرنے سے ہلاکتوں کے واقعات عام ہیں، خصوصاً کراچی جیسے بڑے شہروں میں، جہاں ناقص صفائی کا نظام، ٹوٹے یا غائب ڈھکن اور گنجان آبادی والے علاقوں میں ناکافی روشنی پیدل چلنے والوں کے لیے خطرہ بنتی ہے، گٹروں
میں زہریلا گندہ پانی بھرا ہوتا ہے اور آکسیجن کی کمی کے باعث چند منٹوں میں دم گھٹنے یا ڈوبنے کا خدشہ ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں