فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
وزارتِ دفاع نے صدرِ مملکت کی منظوری کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے مطابق انہیں یہ منصب 5 سال کے لیے سونپا گیا ہے۔

اس سے قبل صدرِ مملکت آصف زرداری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی منظوری دی تھی، تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے اس تعیناتی کی سمری کی منظوری کے بعد ایوانِ صدر کو ارسال کیا تھا۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں 2 سال کی توسیع کی بھی منظوری دی ہے، جو 19 مارچ 2026 سے مؤثر ہوگی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا فیلڈ مارشل کو پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر مبارکباد
صدرِ مملکت نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے لیے کامیاب مدتِ ملازمت کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز ہیں اور وہ چیف آف آرمی اسٹاف کی ذمہ داریاں بھی بیک وقت انجام دیں گے۔




















