71ء کی جنگ میں دشمن کو دھول چٹانے والے میجر شبیر شریف کا آج 54 واں یوم شہادت ہے، مسلح افواج نے میجر شبیر شریف شہید نشانِ حیدر کی برسی پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز، نیول چیف اور ایئر چیف نے میجر شبیر شریف شہید کی جرأت، ثابت قدمی اور عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا اور انہیں قوم کا قابلِ فخر ہیرو قرار دیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ میجر شبیر شریف شہید نے 1965 جنگ میں ستارۂ جرات بھی حاصل کیا اور 1971 میں سلیمانکی ہیڈ ورکس پر دشمن کے حملوں کو دلیری سے ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میجر شبیر شریف نے دشمن کے میجر نرائن سنگھ کو بہادری سے مار گرایا، دشمن کے متعدد ٹینک تباہ کیے، آخری دم تک مورچہ سنبھالے رکھا اور بھارتی ٹینک کا شیل لگنے سے جامِ شہادت نوش کیا۔
مزید پڑھیں: صدرمملکت اور وزیراعظم کا میجر شبیر شریف شہید کو خراج عقیدت
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ میجر شبیر شریف شہید کی بہادری اور فرض شناسی قوم کا عظیم فخر ہے، شہداء کی وفا قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاک افواج کا شہداء کو سلام، قومی سلامتی ان کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ قوم کی یاد میں زندہ رہیں گی۔



















