Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کا خوارج کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم نے فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف 2 الگ کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے ان آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ایسے آپریشنز میں مسلح افواج کی کامیابیاں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے اس عزم کا اہم حصہ ہیں کہ ملک میں امن قائم کیا جائے اور پاکستانی عوام کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھا جائے۔

انہوں نے مسلح افواج کے جوانوں اور افسران پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت اور عوام پاکستانی سرزمین، عوام اور ریاست کو نشانہ بنانے والی ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر متحد ہیں۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 9 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا؛ سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 9 خارجی دہشت گرد ہلاک

متعلقہ خبریں