اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 8 دسمبر کو طلب کرلیا گیا ہے، جس میں پاکستان کے لیے اسٹاف لیول معاہدے کا جائزہ لیا جائے گا۔
آئی ایم ایف کی جانب سے 8 سے 14 دسمبر تک کی میٹنگز کا باضابطہ شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق پاکستان کے بارے میں ہونے والے اجلاس میں ایگزیکٹو بورڈ 1.2 ارب ڈالر کی منظوری دے سکتا ہے جبکہ موجودہ قرض پروگرام کی 1ارب ڈالر کی قسط جاری کر سکتا ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پاکستان کا آر ایس ایف فنڈ کی 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط جاری کر سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ بجٹ پر اہم اتفاق
پاکستان کو ای ایف ایف موجودہ قرض پروگرام کی تیسری قسط ملے گی جبکہ پاکستان نے 37 ماہ کا موجودہ قرض پروگرام ستمبر 2024 میں حاصل کیا تھا، ای ایف ایف پروگرام کی ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط ستمبر 2024 میں ملی تھی۔
پاکستان کو ای ایف ایف قرض پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط مئی 2025 میں ملی تھی، تاہم اب پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے پروگرام آر ایس ایف کے تحت 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط ملے گی۔


















