پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے انتہائی اشتعال انگیز، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ بیان پر سخت رد عمل دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ریاست ہے، اس کے تمام ادارے بشمول مسلح افواج قومی سلامتی کا ستون ہیں، پاکستان کے تمام ریاستی ادارے ریاستی ملک کی خود مختاری اور علاقائی سلامتی کے محافظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کے تنازعے نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مادرِ وطن و عوامِ دفاع کے عزم کو ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا تھا، کوئی بھی پروپیگنڈا اس حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں اور قیادت کو بدنام کرنے کی کوششیں منفی پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد خطے اور اس سے باہر کی تخریبی سرگرمیوں سے توجہ ہٹانا ہے، منفی پراپیگنڈا سے بھارت کی ریاستی سرپرستی میں پاکستان دہشت گردی سے بھی توجہ ہٹانا مقصود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: داعش افغانستان میں موجود ،وہیں تشکیل نو ہو رہی ہے ، ترجمان دفتر خارجہ
ان کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیز بیانات عکاسی کرتے ہیں کہ بھارت خطے میں امن، ہم آہنگی اور استحکام کے لیے کس قدر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہا، پاکستان کے مسلح افواج کے بارے میں گمراہ کن بیانات دینے کے بجائے بھارت ہندوتوا سوچ پر غور کرے۔
ترجمان نے کہا کہ فسطائی اور انتہاپسند ہندوتوا نے پورے بھارت میں ہجوم کے ہاتھوں قتل و غارت، ماورائے قانون کارروائیوں، من مانے مقدمات اور املاک و عبادت گاہوں کی مسماری کو ہوا دی، بھارتی ریاست اور قیادت دونوں مذہب کے نام پر پھیلائے گئے خوف و دہشت کے قیدی بن چکے ہیں۔
طاہر حسین اندرابی نے مزید کہا کہ پاکستان بقائے باہمی، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، پاکستان اپنے مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد، مضبوط اور مکمل طور پر تیار ہے۔




















