وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے ایک خطاب میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ عوامی خدمت اور ملکی ترقی کے لیے سرگرم عمل رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جا رہے ہیں اور حلقوں میں بنیادی سہولتوں کے متعدد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔
عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ ملک کی تعمیر و ترقی مسلم لیگ (ن) کی پہچان ہے اور آج بھی ملک کے ہر بڑے منصوبے پر نواز شریف کی تختی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت خیبرپختونخوا میں 12 سال سے برسراقتدار رہی لیکن ایک بڑا منصوبہ تک شروع نہ کر سکی، جس کی وجہ سے صوبہ کھنڈر بنتا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی کی حکومت اپنے صوبے میں ایک بھی اسپتال نہ بنا سکی جبکہ ن لیگ نے پنجاب میں فرانزک لیب جیسا بڑا منصوبہ قائم کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پشاور میں بزدار پلس حکومت کے جلسے کو عوام کی جانب سے مسترد قرار دیتے ہوئے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کی مبینہ کرپشن کرنے والا شخص آج بھی جیل میں ذہنی مریض بنا بیٹھا ہے اور یہ شخص اسپتالوں اور فلاحی منصوبوں کے فنڈز تک کھا گیا۔
عطاتارڑ نے مزید کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا نام سن کر دشمن خوفزدہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بھارت کے خلاف کوئی مؤقف نہ اپنایا اور کشمیر و فلسطین جیسے اہم مسائل کو پس پشت ڈالا۔
ان کے مطابق پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں اور ان میں سے کئی بھارت اور افغانستان سے چلائے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے تمام ادارے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، پاک فوج نے بھارت کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا ہے اور دنیا پاکستانی فوج کی صلاحیتوں کو سراہتی ہے۔
انہوں نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کو ناقابلِ معافی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر دشمن کے آلہ کار ہیں۔
عطاتارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو پاکستان کی امداد روکنے کے لیے خط لکھنا قومی مفاد کے خلاف اقدام ہے۔




















