Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی، گلشن اقبال میں تہرے قتل کی واردات، اہم انکشافات سامنے آ گئے

پولیس کے مطابق گھر کے کچرا دان سے ٹکڑوں میں پھٹا ہوا ایک خط ملا ہے

شہر قائد کے علاقے گلشنِ اقبال میں پیش آنے والے مبینہ تہرے قتل کی گتھی مزید پیچیدہ ہو گئی ہے جب تفتیش کے دوران فلیٹ سے ایسے شواہد برآمد ہوئے ہیں جنہوں نے کیس کا رخ یکسر بدل دیا ہے۔

پولیس کے مطابق گھر کے کچرا دان سے ٹکڑوں میں پھٹا ہوا ایک خط ملا ہے جسے تفتیش میں انتہائی اہم ثبوت قرار دیا گیا ہے۔

شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ خط یا تو بیٹی نے خود لکھا یا کسی نے اس سے لکھوایا دونوں صورتیں کیس کو نیا رخ دے رہی ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق گھر کے سربراہ اقبال کی جیب سے بھی ایک خط برآمد ہوا ہے۔ اقبال نے بیان دیا کہ اس کی بیوی، بیٹی اور بہو اس کے سامنے انتقال کر گئیں تھیں جبکہ اس کا بیٹا یاسین کئی گولیاں کھا کر موت کے قریب پہنچ گیا تھا۔

اقبال کا مؤقف ہے کہ اس نے جیب میں رکھا ہوا پرچہ اس لیے رکھا تھا کہ اگر وہ خود مر جائے تو پولیس کو پتا چل سکے کہ کس سے رابطہ کرنا ہے۔

تحقیقات نے معاملے کو مزید الجھا دیا ہے، سامنے آیا ہے کہ یاسین کی دو شادیاں تھیں اور دونوں بیویاں آپس میں رشتہ دار ہیں۔

یہی نہیں یاسین پر کروڑوں روپے کا قرض بھی تھا اور اس کے خلاف لیاری میں مبینہ فراڈ کے الزامات بھی موجود ہیں۔

تفتیش کا ایک اور حیران کن پہلو یہ سامنے آیا ہے کہ ممکنہ طور پر یاسین نے خود کو بچانے کے لیے کم مقدار میں گولیاں کھائی ہوں تاکہ زندہ رہ سکے۔

پولیس نے گھر کے سربراہ اقبال اور اس کے بیٹے یاسین دونوں کو کیس کے مرکزی کردار اور ممکنہ ملزمان کے طور پر حراست میں لے رکھا ہے، جبکہ فلیٹ میں پیش آنے والے اس خوفناک تہرے قتل کی تفتیش مزید شواہد کی روشنی میں جاری ہے۔

متعلقہ خبریں