اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا تحفظ صرف عدالتوں کی ذمہ داری نہیں، یہ قومی فرض ہے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ یوم انسانی حقوق کے موقع پر ہم ہر فرد کی حرمت، آزادی اور مساوات کے تحفظ کے آئینی و اخلاقی عہد کو دہراتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن عالمی اعلامیہ حقوقِ انسانی کی منظوری کی یاد تازہ کرتا ہے، پاکستان کی عدلیہ قانون کی بالادستی کو مضبوط کرنے اور ہر شہری کے لیے انصاف کو قابلِ رسائی بنانے پر پرعزم ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال، عدالتی اصلاحات سے نظام انصاف میں شہریوں کو مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے، انسانی حقوق کا تحفظ صرف عدالتوں کی ذمہ داری نہیں، یہ قومی فرض ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی صورتحال پر اظہارِ تشویش

