Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حیدرآباد میں بھی ای چالان سسٹم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا

ایک ہفتے میں مزید چار مقامات پر کیمرے فعال ہوں گے

ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ای چالان اور اے آئی کیمروں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

 ڈی آئی جی پولیس، کمشنر حیدرآباد اور ایس ایس پی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روکنے، حادثات میں کمی لانے اور شہریوں میں نظم و ضبط پیدا کرنے کے لیے جدید نگرانی کا نظام فعال کردیا گیا ہے۔

میرپورخاص روڈ پر ای چالان سسٹم فعال

ڈی آئی جی طارق دھاریجو نے کہا کہ ابتدائی طور پر میرپورخاص روڈ پر اے آئی کیمروں کے ذریعے ای چالان کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، مٹیاری اور میرپورخاص کی جانب سے حیدرآباد میں داخل ہونے والے ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کرنا ہوگی کیونکہ اے آئی کیمرے ہر خلاف ورزی کو ریکارڈ کر رہے ہیں۔

ایک ہفتے میں مزید چار مقامات پر کیمرے فعال ہوں گے

ڈی آئی جی نے بتایا کہ آئندہ ایک ہفتے میں شہر کے چار مزید مقامات پر ای چالان کی سہولت سے لیس کیمرے کام شروع کر دیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کا پہلا چالان معاف ہوسکتا ہے، تاہم مسلسل خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ون وے خلاف ورزی سے بچیں، ورنہ جرمانہ یقینی

ڈی آئی جی طارق دھاریجو نے خبردار کیا کہ ون وے کی خلاف ورزی سنگین مسئلہ بن چکی ہے اور اب اے آئی کیمرے اس خلاف ورزی پر فوری چالان جاری کریں گے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قوانین کی پابندی کر کے خود کو جرمانوں سے بچا سکتے ہیں۔

ون ویلنگ پر دفعہ 144 نافذ ، کمشنر حیدرآباد

کمشنر فیاض عباسی نے کہا کہ نوجوانوں کی جان لیوا ون ویلنگ روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کی جا رہی ہے۔

مزید کہا کہ سی این جی اور ایل پی جی سلنڈر لگانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی کیونکہ یہ عوام کی جانوں کے لیے خطرہ ہیں۔

شاہراہوں پر تجاوزات کے خلاف کارروائی

کمشنر کے مطابق شہر کی بڑی شاہراہوں پر تجاوزات ٹریفک کی روانی میں بڑی رکاوٹ ہیں، اس لیے انتظامیہ ان کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لے رہی ہے۔

چالان معافی صرف جائز وجہ پر ہوگی

ڈی آئی جی نے کہا کہ ’’بغیر وجہ کے چالان معاف نہیں ہوسکتا‘‘۔ اگر کوئی شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کرے گا تو نہ صرف جرمانے سے بچے گا بلکہ ٹریفک نظام بھی بہتر ہوگا۔

متعلقہ خبریں