فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کا ایک گہرا روحانی اور نظریاتی رشتہ ہے، جس کی بنیاد ایمان، عدل اور امن کے اصولوں پر قائم ہے۔
پاکستان کو محافظینِ حرمین کا شرف اللہ تعالیٰ نے عطا کیا
فیلڈ مارشل نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام مسلم ممالک میں سے حرمین شریفین کے محافظ ہونے کا اعزاز پاکستان کو دیا ہے، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اس تاریخی دفاعی رشتے کو ’’باہمی اعتماد، ایمان اور بھائی چارے‘‘ کا مضبوط اظہار قرار دیا۔
علم چھوڑنے والی قومیں انتشار کا شکار ہو جاتی ہیں
اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جس قوم نے علم اور قلم کو چھوڑا، وہاں انتشار اور فساد نے جگہ لے لی۔ عزت اور طاقت تقسیم سے نہیں، محنت اور علم سے حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ علم، اخلاق اور قومی یکجہتی ہی معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہیں۔
دہشتگردی پاکستان کا نہیں، ہندوستان کا وطیرہ ہے
فیلڈ مارشل نے بھارت کے کردار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی پاکستان کا نہیں، ہندوستان کا وطیرہ ہے۔ ہم دشمن کو چھپ کر نہیں، للکار کر مارتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر محاذ پر قربانیوں اور جرأت کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے۔
اسلامی ریاست میں جہاد کا اعلان صرف ریاست کر سکتی ہے
خطاب میں انہوں نے اس اہم اصول پر بھی زور دیا کہ اسلامی ریاست میں ریاست کے علاوہ کوئی جہاد کا حکم نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اس اصول کی خلاف ورزی نے مسلم دنیا کو نقصان پہنچایا ہے، اس لیے علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پیغام کو عام کریں۔
معرکۂ حق میں اللّٰہ کی نصرت سے کامیابی ملی
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی افواج اور قوم نے ہمیشہ حق کے ساتھ کھڑے ہوکر کامیابی حاصل کی، اور یہ فتوحات اللہ کی مدد اور قوم کی یکجہتی سے ممکن ہوئیں۔
علماء کیلئے اتحاد کا پیغام
انہوں نے علماء و مشائخ پر زور دیا کہ قوم کو متحد رکھیں، انتشار سے بچائیں اور ان کی نظر میں وسعت پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور فکری اتحاد پاکستان کی مضبوطی کے لیے بنیادی ستون ہیں۔


















