Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سکھر، صوبائی وزیر داخلہ کی شکارپور مقابلے میں زخمی افسران و اہلکاروں کی عیادت

فرض کی راہ میں بہادری دکھانے والے پولیس افسران قوم کا سرمایہ اور ہمارے حقیقی ہیرو ہیں، ضیاء الحسن لنجار

صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سکھر کے ضیاء الدین اسپتال کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شکارپور میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس مقابلے کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور اہلکاروں کی عیادت کی۔

ترجمان وزیر داخلہ سندھ سہیل احمد جوکھیو کے مطابق انہوں نے ڈی ایس پی سٹی پارس بکھرانی، ڈی ایس پی گڑھی یاسین ظہور احمد سومرو، اہلکار منور بروہی اور اسرار منگرانی کی خیریت دریافت کرتے ہوئے ڈاکٹرز کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ نے بہادر افسران اور جوانوں کے لیے کیش ریوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے دلیر غازیوں کے لیے جلد قائداعظم پولیس میڈل کی سفارشات بھی بھیجی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ فرض کی راہ میں بہادری دکھانے والے پولیس افسران قوم کا سرمایہ اور ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔

کچہ ایریاز میں آپریشن پر اہم بریفنگ

اس سے قبل وزیر داخلہ شکارپور پہنچے جہاں انہوں نے ایس ایس پی آفس کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب اور ایس ایس پی شکارپور نے انہیں کچہ ایریاز میں جاری پولیس آپریشن، پیش رفت اور مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ضیاء الحسن لنجار نے اس موقع پر کہا کہ امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کی کامیابی قابلِ تحسین ہے، اور کچہ کے ساتھ ساتھ پکے علاقوں میں بھی جرائم کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔

ریاست کی رٹ ہر حال میں برقرار رکھنے کی ہدایت

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ مجرموں کو قانون کے شکنجے میں لانا پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے ڈی آئی جیز سکھر اور لاڑکانہ کو ہدایت کی کہ کچہ میں جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر، بھرپور اور نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ عوام کو دیرپا امن فراہم ہو سکے۔

انہوں نے زخمی اہلکاروں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں جس جذبے سے پولیس نے فرائض انجام دیے وہ قابلِ فخر ہے۔