Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کا افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کا عندیہ

افغانستان کی صورتحال کے تباہ کن اثرات خطے پر پڑ رہے ہیں۔

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کے تباہ کن اثرات خطے پر پڑ رہے ہیں، افغانستان پھر دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے، تقریباً 6 ہزار جنگجوؤں پر مشتمل ٹی ٹی پی افغانستان میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دراندازی کی متعدد کوششوں کو کامیابی سےناکام بنایا، ہماری بہادرفورسز اور عام شہریوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

 عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ طالبان میں موجود بعض عناصر دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہے ہیں، پاکستان نے طالبان حکام سے مسلسل رابطہ رکھا، اعلیٰ سطح دورے، تعاون جاری رکھا، طالبان نے وعدہ کیا تھا افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔

مستقل مندوب نے بتایا کہ پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان سے جاری ہے، رواں سال افغانستان سے دہشتگردی کے باعث 1200 افراد شہید ہوئے، پاکستان میں کارروائیوں میں 2022 سے اب تک 214 افغان دہشت گرد مارے گئے۔

مزید پڑھیں: افغانستان سن لے، کالعدم ٹی ٹی پی کی حمایت سے امن قائم نہیں ہوگا، وزیراعظم

عاصم افتخار نے کہا کہ داعش خراسان، القاعدہ، ٹی ٹی پی، بی ایل اے، ای ٹی آئی ایم کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں، اقوام متحدہ کو غیرقانونی تجارت اور اسلحے کی منتقلی روکنے کے لیے کوششیں بڑھانا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے طالبان حکام سے رابطہ برقرار رکھا، دوحہ واستنبول مذاکرات شامل ہیں، طالبان کو دہشتگرد گروہوں کے خلاف ٹھوس اورقابل تصدیق کارروائی کرنا ہوگی، طالبان کے وعدوں کی عدم تکمیل نے سیکیورٹی ماحول کو بگاڑا۔

 پاکستان کے مستقل مندوب نے مزید کہا کہ غربت، دہشت گردی، منشیات، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں افغانستان کا ڈھانچہ بن چکی ہیں، طالبان کی خواتین وبچیوں پر پابندیاں اسلامی روایات سے مطابقت نہیں رکھتیں۔