Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اچھرہ جیولری مارکیٹ سے ایک ارب کا سونا غائب، حقیقت کیا ہے؟

اب تک صرف ایک درخواست گزار سامنے آیا ہے جو مزید قانونی کارروائی کرنے سے بھی گریزاں ہے

لاہور کی اچھرہ جیولری مارکیٹ میں ایک ارب روپے مالیت کا سونا غائب ہونے کی سنسنی خیز خبر نے شہر میں کھلبلی مچا دی، تاہم ابتدائی تفتیش میں معاملہ حیران کن طور پر کچھ اور ہی نکلا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق مارکیٹ سے بڑے پیمانے پر سونا چوری ہونے کی خبر حقائق کے منافی ہے۔ اصل میں پولیس کو صرف ایک دکاندار کی جانب سے درخواست موصول ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ متعدد دکانداروں نے اپنا سونا بطور امانت ایک دکاندار کے پاس رکھا تھا، جو چند روز سے لاپتہ ہے۔

درخواست کے مطابق مبینہ امانت دار دکاندار اچانک غائب ہوگیا، جس کے بعد معاملے نے سنسنی خیز رخ اختیار کیا۔

تاہم ترجمان نے واضح کیا کہ ابتدائی تحقیقات اس طرف اشارہ کرتی ہیں کہ یہ معاملہ لین دین اور مالی تنازع سے جڑا ہوا ہے، نہ کہ اربوں کے سونے کی واردات سے۔

پولیس ترجمان کے مطابق میڈیا پر چلنے والی رپورٹس میں ایک ارب کا سونا غائب اور متعدد درخواست گزاروں کا ذکر حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتا۔

اب تک صرف ایک درخواست گزار سامنے آیا ہے جو مزید قانونی کارروائی کرنے سے بھی گریزاں ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ایس پی ماڈل ٹاؤن معاملے کی براہ راست نگرانی کر رہی ہیں جبکہ پولیس نے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے تفتیش مزید تیز کر دی ہے۔

ترجمان کے مطابق جیسے ہی مزید حقائق سامنے آئیں گے، میڈیا کو باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے گا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی نتائج سے لگتا ہے کہ سارا معاملہ چوری سے زیادہ کاروباری تنازع ہے، مگر دکاندار کے اچانک غائب ہونے نے کہانی کو مزید پُراسرار بنا دیا ہے۔