Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عالمی بینک نے 40 کروڑ ڈالر کا نیا منصوبہ منظور کرلیا

منصوبہ پنجاب کے 16 شہروں میں پانی و صفائی کی سہولیات بہتر بنائے گا۔

اسلام آباد: عالمی بینک نے پنجاب کے لیے 40 کروڑ ڈالر کا نیا منصوبہ منظور کر لیا ہے۔

عالمی بینک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ منصوبہ پنجاب کے 16 شہروں میں پانی و صفائی کی سہولیات بہتر بنائے گا، محفوظ پانی، سیوریج اور صفائی خدمات کی اپ گریڈیشن منصوبے کا حصہ ہے۔

منصوبے سے 45 لاکھ افراد کو بہتر پانی و صفائی کی سہولت ملے گی جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بھی فنڈنگ شامل ہے۔

عالمی بینک کے مطابق منصوبے سے مزید 20 لاکھ افراد کو بہتر فضلہ نکاسی خدمات فراہم ہوں گی، بچوں میں اسٹنٹنگ کم کرنا پاکستان کے مستقبل کے لیے ضروری ہے، تاہم منصوبہ شہری اداروں کی استعداد بڑھانے اور آمدن میں اضافہ میں مدد دے گا۔

پنجاب کے شہروں کو سیلاب اور خشک سالی سے نمٹنے کے لیے زیادہ مضبوط بنایا جائے گا، خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات منصوبے کا حصہ ہیں جبکہ اس میں خواتین کی بھرتی، شکایتی ڈیسک اور تربیتی پروگرام بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ کمیونٹی لیول پر حفظان صحت کی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی، پنجاب حکومت اور عالمی بینک مشترکہ طور پر منصوبے کی نگرانی کریں گے۔

عالمی بینک نے مزید بتایا کہ نیا پروگرام پاکستان کے قومی ترقیاتی اہداف کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے، یہ ورلڈ بینک کے واٹر اینڈ سینیٹیشن پروگرام کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہے۔

متعلقہ خبریں