Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قسطوں پر موٹرسائیکلیں بیچنے والے تاجر کو ای چالانز نے دن میں تارے دکھا دیے

سیف سٹی اتھارٹی نے ان تمام بائیکس پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کل 2071 ای چالان جاری کیے ہیں

لاہور کے علاقے گڑھی شاہو کے رہائشی صادق خان ایک عام موٹرسائیکل ڈیلر ہیں جو قسطوں پر بائیکس فروخت کرتے ہیں۔ ان کا کاروبار تو خوب چل رہا تھا، لیکن اچانک ان کی زندگی میں زلزلہ آ گیا۔

بات یوں ہوئی کہ کیمپس پل پر ٹریفک وارڈن نے ایک موٹرسائیکل روکی جو صادق خان کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔

چیکنگ کے دوران پتہ چلا کہ اس ایک بائیک پر ہی 12 ہزار روپے کا ای چالان نکل آیا۔ صادق خان کو بلایا گیا تو وہ حیران رہ گئے جب انہیں بتایا گیا کہ ان کے نام پر 500 سے زائد موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں۔

اور سنسنی خیز موڑ تو اب آیا سیف سٹی اتھارٹی نے ان تمام بائیکس پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کل 2071 ای چالان جاری کیے ہیں جبی مجموعی جرمانہ 23 لاکھ 88 ہزار 700 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

صادق خان کا کہنا ہے کہ وہ تو صرف قسطوں پر بائیکس بیچتے ہیں، ہر گاہک کی بائیک کو خود تو کنٹرول نہیں کر سکتے۔

خریدار قوانین توڑیں تو جرمانہ مالک کے سر اب وہ حیران ہیں کہ یہ لاکھوں کا بوجھ کیسے اٹھائیں گے؟