لاہور: پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں پاکستان نیوی میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی بلو اکانومی میں بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ اکیسویں صدی میں بحری خطوں کی تذویراتی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے، ایسے میں سمندری سلامتی اور وسائل کا تحفظ انتہائی ضروری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سید یوسف رضا گیلانی نے علاقائی بحری سلامتی کو یقینی بنانے اور قومی بحری مفادات کے تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی معاشی ترقی اور سماجی و اقتصادی استحکام کے لیے شپنگ اور ماہی گیری کے شعبوں کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے کیونکہ یہ شعبے پاکستان کی بلو اکانومی کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ کا استقبال
نیول وار کالج آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے چیئرمین سینیٹ کا استقبال کیا۔
تقریب میں کمانڈنٹ پی این وار کالج نے شرکاء کو ورکشاپ کی سرگرمیوں، سیشنز اور میری ٹائم سیکٹر سے متعلق اہم نکات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
ورکشاپ میں میری ٹائم سیکیورٹی، خطے کے بدلتے تذویراتی ماحول، قومی سمندری وسائل کے تحفظ اور مستقبل کی میری ٹائم حکمتِ عملی جیسے موضوعات پر تفصیلی سیشن شامل تھے۔



















