Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسرائیلی بربریت ناقابل قبول اشتعال انگیزی ہے، 8 مسلم ممالک کا مشترکہ بیان

اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے دفاتر کی حرمت کی کھلی خلاف ورزی ہے

پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکی اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے فلسطینی مہاجرین کیلئے اقوامِ متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (UNRWA) کے ناگزیر اور اہم کردار پر زور دیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ UNRWA کئی دہائیوں سے ایک منفرد مینڈیٹ کے تحت لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کو تحفظ، تعلیم، صحت، سماجی خدمات اور ہنگامی امداد فراہم کر رہی ہے۔

وزرائے خارجہ نے جنرل اسمبلی کی جانب سے UNRWA کے مینڈیٹ میں مزید تین سال کی توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عالمی برادری کے اعتماد کا مظہر قرار دیا۔

بیان میں مشرقی بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے UNRWA ہیڈکوارٹر پر دھاوا بولنے کی شدید مذمت کی گئی۔

وزرائے خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے دفاتر کی حرمت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ ناقابلِ قبول اشتعال انگیزی ہے۔

مشترکہ بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اسرائیلی کارروائی 22 اکتوبر 2025 کے بین الاقوامی عدالتِ انصاف (ICJ) کے مشاورتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح طور پر کہا تھا کہ قابض طاقت کی حیثیت سے اسرائیل UNRWA کی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتا، بلکہ امدادی ادارے کو سہولت فراہم کرنا اس کی ذمہ داری ہے۔

وزرائے خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ UNRWA کے تحفظ اور فلسطینی عوام کی مسلسل امداد کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔