وزارت مذہبی امور نے نجی حج آپریٹرز کو سخت وارننگ جاری کردی، تاکہ نجی حج اسکیم کے عازمین حج اس سال بھی فریضہ حج ادا کرنے سے نہ رہ جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نجی حج سکیم کے 63 ہزار عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم رہ گئے تھے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2026 میں پرائیویٹ حج آپریٹرز کی کوہتائی سے کوئی عازم سفر حج پر نہ جا سکا تو کمپنی کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ بروقت عازمین حج کی رقوم منتقلی میں ناکام حج آپریٹرز کا لائسنس منسوخ ہوگا، کمپنی آئندہ حج آپریٹرز کے طور پر کام نہیں کرسکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حج 2026ء کے انتظامات پر معاہدہ طے پا گیا
ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ مالی بے ضابطگی پر متعلقہ حج آپریٹر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق15 دسمبر تک سروسز حاصل نہ کرنے والے آپریٹرز کابقیہ کوٹہ سرکاری حج سکیم میں تبدیل کردیا جائے گا۔
وزارتِ مذہبی امور نے پرائیویٹ حج آپریٹرز کو اہم ہدایات جاری کر دی ہے جس کے مطابق عازمین حج کے لیے سعودی عرب میں حج 2026 کے اخراجات جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2025 ہے، جبکہ تمام پرائیویٹ حج آپریٹرز، حج پیکیج کی 100 فیصد رقم متعلقہ سعودی اکاؤنٹس میں جمع کرائیں گے۔
وزارتِ مذہبی امور نے نجی حج آپریٹرز کو منی کی زمین، رہائشی عمارتوں کی سروسز 21 دسمبر 2025 تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے پرائیویٹ عازمین حج کی رقم جمع نہ کرانے والے آپریٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

















