اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اگلے جائزہ مذاکرات مارچ 2026 میں متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق توسیعی فنڈ فیسلیٹی اور کلائمٹ فنانسنگ جائزے کے لیے بیک وقت مذاکرات ہوں گے، جس میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی پر دونوں پروگراموں کے تحت اگلی اقساط جاری کی جائیں گی جبکہ توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام کے تحت تیسرے جائزہ مذاکرات ہوں گے۔
اس کے علاوہ کلائمٹ فناننسنگ پروگرام کے دوسرے جائزے کے لیے مذاکرات ہوں گے، جس کی کامیابی پر پاکستان کو توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام کی چوتھی قسط ملے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کلائمٹ فناننسنگ پروگرام کی دوسری قسط کی مد میں فنڈز ملیں گے، تاہم دونوں پروگراموں میں اب تک پاکستان کو آئی ایم ایف سے 3 ارب 30 کروڑ ڈالرز موصول ہوچکے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اس وقت پاکستان بیک وقت آئی ایم ایف کے ساتھ دو قرض پروگراموں میں ہے، تاہم آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان 7ارب ڈالرز کے توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام اور کلائمٹ فناننسنگ کے ایک ارب 40 کروڑ ڈالرز پروگرام میں ہے۔



















