Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نفرت کی سیاست نے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا، عطا تارڑ

سیاست کو ایک جماعت نے ذاتی دشمنی میں تبدیل کیا اور ملکی مفاد کے خلاف اقدامات کیے،عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ترقی کی سیاست کو نفرت میں بدلا گیا اور نفرت کی سیاست نے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی سیاست کے خلاف باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت زہر گھولا گیا اور سازشوں کے ذریعے عوام میں غلط فہمیاں پیدا کی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کے ذہنوں کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی، حالانکہ اس بات کے واضح ثبوت موجود ہیں کہ نواز شریف سیاست میں آنے سے پہلے ہی ایک کامیاب اور خوشحال صنعتکار تھے۔

انہوں نے کہا کہ جن کے والد نے ایشیا کی سب سے بڑی اسٹیل فیکٹری قائم کی، ان کے کردار پر سوال اٹھانا ناانصافی ہے۔ خدمت اور ترقی کی سیاست کا جو سفر شروع ہوا، اس پر گلگت سے پنجاب تک نواز شریف کا نام سنہری حروف میں درج ہے۔

وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ اگر نواز شریف کے دور میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) جیسے منصوبے شروع نہ ہوتے تو آج دل کے مریضوں کا کیا حال ہوتا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا خیبر پختونخوا میں پی آئی سی یا پی کے ایل آئی جیسے عالمی معیار کے اسپتال قائم کیے گئے؟

عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سیاست کو ایک جماعت نے ذاتی دشمنی میں تبدیل کیا اور ملکی مفاد کے خلاف اقدامات کیے۔ ماضی میں کسی سیاسی جماعت نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر پاکستان کی امداد رکوانے کی کوشش نہیں کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں نفرت کے بیج بوئے گئے اور مخالفین کو مافیا اور گاڈ فادر جیسے القابات دیے گئے جو اس سے پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئے۔

وزیر اطلاعات یہ بھی کہتے ہیں کہ ذاتی انا اور مفادات کے لیے دفاعی اداروں پر حملے کیے گئے اور جھوٹے انصاف اور تبدیلی کے نعروں کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچایا گیا۔ خوش قسمتی سے قوم کو ایسے طرز سیاست سے نجات ملی۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بارہ سال میں وہاں عوامی مینڈیٹ کے باوجود کوئی نمایاں ترقیاتی منصوبہ نظر نہیں آتا جب کہ عوام کو ریلیف دینا ہمیشہ نواز شریف کی حکومت کا بنیادی مقصد رہا ہے۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے چپے چپے پر نواز شریف کی ترقی کی چھاپ موجود ہے اور آج بھی شہباز شریف اور مریم نواز اسی وژن کو کامیابی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ پاکستان بین الاقوامی سطح پر ایک اہم ملک ہے اور دنیا کے سربراہانِ مملکت نواز شریف کا مثبت انداز میں ذکر کرتے ہیں۔

انہوں نے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی ایک حادثے میں زخمی ہوئے تو نواز شریف نے نہ صرف میٹنگ بلائی بلکہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے جلسے بھی منسوخ کیے جب کہ نواز شریف خود عیادت کے لیے اسپتال بھی گئے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے دور میں بھی شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں میثاقِ جمہوریت کی بات کی تاکہ معیشت کو استحکام ملے مگر اس اقدام کو غلط رنگ دیا گیا۔

آخر میں عطااللہ تارڑ نے کہا کہ نواز شریف جدید پاکستان کے معمار ہیں اور آج ملک ترقی کے جس راستے پر گامزن ہے وہ اسی وژن کا تسلسل ہے۔