پاکستان کی جانب سے سوڈان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں پر حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان سوڈان کے شہر کادُگلی میں اقوامِ متحدہ کے امن دستوں پر بہیمانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، حملے میں اقوامِ متحدہ کی عبوری سیکیورٹی فورس برائے ابیئی کے 6 بنگلا دیشی امن اہلکار شہید جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان المناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر حکومتِ بنگلہ دیش اور وام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے، پاکستان کٹھن گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوڈان میں ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے امن مشن سے تعلق رکھنے والے 6 بنگلادیشی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق یہ حملہ ہفتے کے روز سوڈان کے کوردوفان ریجن میں یو این مشن کے بیس پر کیا گیا۔
ڈرون حملے میں بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے 6 امن اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ مزید 6 اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی تھی اور تمام زخمیوں کا تعلق بھی بنگلادیش سے ہے۔


















