Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اظہارِ رائے میں احتیاط ضروری ہے، ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا؛ طلال چوہدری

ملکی سلامتی، مذہبی جذبات یا ریاستی اداروں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اظہارِ رائے ایک بنیادی حق ہے تاہم اس کے استعمال میں احتیاط ناگزیر ہے کیونکہ بعض عناصر سوشل میڈیا کو ریاستی اداروں کے خلاف منفی مہم اور پروپیگنڈا پھیلانے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا کو مکمل آزادی حاصل ہے اور حکومت آزادیٔ اظہارِ رائے پر یقین رکھتی ہے تاہم کسی کو بھی ملکی سلامتی، مذہبی جذبات یا ریاستی اداروں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی سے وابستہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس منظم انداز میں پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں اور بعض عناصر دانستہ طور پر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ملکی اداروں کے خلاف منفی مہمات چلائی جارہی ہیں جو تشویش ناک امر ہے۔ دہشت گرد تنظیمیں بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کر رہی ہیں جبکہ پاکستان کے دشمن ممالک کی جانب سے بھی منفی ٹرینڈز بنائے جا رہے ہیں۔

وزیرِ مملکت داخلہ کے مطابق جعلی ٹرینڈز کو باقاعدہ فروخت کیا جاتا ہے اور ہر میسج کے عوض رقم وصول کی جاتی ہے۔

طلال چوہدری نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر سرگرم متعدد اکاؤنٹس کینیڈا، یورپ اور دیگر ممالک سے آپریٹ کیے جا رہے ہیں جن کا مقصد پاکستان کے خلاف منظم بیانیہ تشکیل دینا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت آزادیٔ اظہارِ رائے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی، ریاستی اداروں کے وقار اور عوامی جذبات کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے گی اور اس حوالے سے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں