Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی چلے گا تو پاکستان چلے گا، شہر کو درست کرنے کا وقت آچکا ہے، مصطفیٰ کمال

ان کے دور میں کراچی دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے 12 شہروں میں شامل تھا

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں چھ ماہ قبل وزارتِ صحت کی ذمہ داری سونپی گئی، جس کے بعد انہیں کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں انہوں نے جو ترقیاتی کام کیے وہ کسی مطالبے یا دباؤ پر نہیں تھے بلکہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت تھے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان کے سیاسی مخالفین آج تک ان پر کسی قسم کا الزام ثابت نہیں کر سکے اور انہوں نے کبھی اپنے بچوں کو ایک نوالہ حرام نہیں کھلایا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں کراچی دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے 12 شہروں میں شامل تھا، مگر آج یہ شہر رہائش کے بدترین مقامات میں شمار ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کے ڈی این اے میں کام کرنا شامل ہے اور انہوں نے عملی اقدامات کے ذریعے یہ ثابت کیا، جسے دنیا نے بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ جب انہیں اختیارات ملے تو انہوں نے کسی کے مطالبے پر نہیں بلکہ شہر کی ضرورت کے مطابق کام کیے۔

کراچی کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کے دو بڑے سی پورٹس آپریشنل ہیں اور ملک کی 50 فیصد برآمدات کراچی سے کی جاتی ہیں۔

اس کے باوجود شہر کو بنیادی مسائل کا سامنا ہے، جہاں نلوں میں پانی دستیاب نہیں جبکہ ٹینکر مافیا سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے مفادات شہر کی بہتری کی راہ میں رکاوٹ ہیں اور کوئی یہ ماننے کو تیار نہیں کہ کراچی کو درست کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ شہر کو ٹھیک کرنے کا وقت آچکا ہے کیونکہ کراچی چلے گا تو پاکستان چلے گا۔

مصطفیٰ کمال نے اختیارات کی کمی کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک افسر کے تبادلے کے لیے بھی انہیں کابینہ کو فائل بھیجنی پڑتی ہے، جبکہ اس وقت نہ مکمل مقامی حکومت موجود ہے اور نہ ہی صوبائی سطح پر موثر نظام۔

آخر میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ ان کے دور کے کام کو آج بھی کیوں یاد رکھا جاتا ہے، جبکہ ان کے بعد چار میئر گزر چکے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کارکردگی ہی اصل پہچان ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں